اسلام آباد میں 18 فروری کو عام تعطیل کا اعلان
وفاقی حکومت نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد کے موقع پر 18 فروری کو اسلام آباد میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق 18 فروری کو اسلام آباد میں عام تعطیل ہوگی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق سرکاری اور نیم سرکاری تعلیمی ادارے اور دفاتر بند رہیں گے، وفاقی دارالحکومت میں پیر کے روز چھٹی کا اعلان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے 2 روزہ دورے کے باعث کیا گیا ہے۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سعودی ولی عہد کی آمد پر 18 فروری کو سینیٹ ملازمین کو چھٹی دے دی۔
ترجمان سینیٹ نے بتایا کہ ملازمین کو ممکنہ طور پر آمدورفت میں مشکلات کے باعث چھٹی دی گئی تاہم ایوان بالا کے ملازمین 19 فروری بروز منگل کو ڈیوٹی پر آئیں گے۔
دوسری جانب ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق ایوان کا 18 فروری کی شام 4 بجے ہونے والا اجلاس اب 20 فروری کی شام 4 بجے ہوگا۔
واضح رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آج تاریخی دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں، پاکستان میں ان کے دورے کے سلسلے میں سیکورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.