وزارت مذہبی امور پاکستان کے ترجمان عمران صدیقی نے کہا ہے کہ پشاور کے 255 عازمین حج جن کے پاسپورٹ مذہبی امور کے دفتر میں گم ہو گئے تھے انہیں ہنگامی بنیادوں پر وزارت نے دوسرے پاسپورٹ جاری کر دیے ہیں اور اب تمام عازمین اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق ہی مملکت آئیں گے۔
ترجمان کے مطابق نئے پاسپورٹ 2 اگست جمعے کے روز جاری ہوئے ہیں اور ان پر ویزے سٹمپ کرنے کے بعد عازمین کے سپرد کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔
جدہ میں اردو نیوز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے مذہبی امور کے ترجمان نے مزید بتایا کہ جن عازمین کے پاسپورٹ گم ہوئے تھے ان کے ارجنٹ متبادل پاسپورٹ بنوانے کے لئے وزارت داخلہ سے ہنگامی بنیادوں پر رابطہ کیا تاکہ عازمین کا شیڈول متاثر نہ ہو۔
ارجنٹ پاسپورٹ فیس کی ادائیگی کے سوال پر عمران صدیقی کا کہنا تھا کہ تمام متاثرہ عازمین کے پاسپورٹس کی فیس وزارت مذہبی امور نے خود ادا کی جو کہ 12 لاکھ 75 ہزار روپے تھی۔
پاسپورٹ گمشدگی کے حوالے سے عمران صدیقی کا کہنا تھا کہ اس بات کا علم 31 جولائی کی صبح ہوا تھا جس کے فوری بعد ہنگامی بنیادوں پر وزارت کی جانب سے متاثرین کو پیغامات ارسال کر دیے گئے تھے تاکہ ان کے نئے پاسپورٹ بنوائے جا سکیں۔
اس ضمن میں وزارت داخلہ سے پہلے ہی بات کر لی گئی تھی تاکہ لوگوں کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ گم شدہ پاسپورٹس کو سسٹم میں کینسل کر دیا گیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ترجمان وزارت مذہبی امور نے کہا کہ پاسپورٹ گم ہونا غیر معمولی واقعہ ہے اور اس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ’ہماری اولین ترجیح تھی کہ متاثرہ عازمین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، اس لیے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک گھنٹے کے نوٹس پر ایمرجنسی پاسپورٹ بنوائے گئے۔‘
واضح رہے پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا سے 4 اگست کو حج کے لیے روانہ ہونے والے 255 عازمین کو اس وقت شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے موبائل پر پیغام موصول ہوا کہ ان کے پاسپورٹ گم گئے ہیں، لہذا دوسرا پاسپورٹ بنوانے کے لیے پشاور کے پاسپورٹ آفس آئیں۔
متاثرین جن کی بڑی تعداد بیرون پشاور سے آئی تھی جب پاسپورٹ آفس پہنچے تو معلوم ہوا کہ وہاں موجود سینکڑوں افراد وہی ہیں جن کے پاسپورٹ گم ہو چکے تھے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ وزارت مذہبی امور کے کہنے کے مطابق متاثرہ عازمین اپنے شیڈول کے مطابق مکہ پہنچتے ہیں یا انہیں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ حج سیزن کے دوران اگر عازمین کا ایک بھی گروپ تاخیر سے پہنچے پورا رہائشی پروگرام متاثر ہو جاتا ہے۔
تبصرے بند ہیں.