پنجاب میں میڈیکل کے داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ
پنجاب کی مختلف میڈیکل کالجوں میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ لیا جا رہا ہے جس میں 74 ہزار پانچ سو امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام پنجاب کے میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ لیا جا رہا ہے۔
انٹری ٹیسٹ کے لیے 13 شہروں میں 33 مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں 74 ہزار پانچ سو امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ امیداروں کو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کے لیے رول نمبرز جاری کردیے گئے۔
لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، راولپنڈی، رحیم یار خان، سرگودھا، حسن ابدال، گجرات، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان اور سیالکوٹ میں 33 مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
انٹری ٹیسٹ 200 مارکس کا ہوگا جس کے لیے امیدواروں کو مجموعی طور پر 2 گھنٹے 30 منٹ کا وقت دیا جائے گا۔ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے مطابق میڈیکل کالجز میں داخلے کے لیے ٹیسٹ کے دوران امتحانی مراکز میں دفعہ 144 بھی نافذ ہوگی۔
امیدواروں کو اپنے ساتھ نیلا بال پوائنٹ پین، ایڈمیٹ کارڈ، اصل شناختی کارڈ یا اصل پاسپورٹ یا اسمارٹ کارڈ اور کلپ بورڈ لانا لازمی ہے۔
موبائل فون، کیلکولیٹر، اسمارٹ اور ڈیجیٹل گھڑیوں، کتابوں اور دیگر الیکٹرانک آلات کا داخلہ سختی سے ممنوعہ قرار دیا گیا ہے تاہم امیدواروں کو اینا لوگ گھڑیاں لانے کی اجازت ہوگی۔
Email This Post
تبصرے بند ہیں.